پنجاب میں محکمہ صحت کے ہزاروں سرپلس ملازمین، کھپانے کیلئے ڈویژنل کمیٹیاں قائم
(لاہور نیوز) محکمہ صحت و آبادی کے ہزاروں سرپلس ملازمین کو دیگر محکموں میں کھپانے کے لیے محکمہ سروسز نے ڈویژنل سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق ہر ڈویژن میں کمشنر کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور ہر سرکاری محکمے کا ضلعی ہیڈ کمیٹی میں شامل ہو گا۔
کمیٹیاں محکمہ صحت کے سرپلس ملازمین کو مختلف محکموں میں کھپانے کے لیے منصوبہ تیار کریں گی، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جہاں انسانی وسائل کی ضرورت ہوگی، وہاں سرپلس ملازمین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
محکمہ سروسز نے ڈویژنل کمیٹیوں کو 15 روز کے اندر جامع پلان تیار کر کے اس پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔
اس سے قبل تمام صوبائی محکموں کو محکمہ صحت کے سرپلس ملازمین کی خدمات حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، صوبائی محکموں کی جانب سے مثبت جواب نہ ملنے پر اب ڈویژنل سطح پر کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔
