مریم نواز سے اٹک کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ضلع اٹک کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں عوامی ضروریات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور ضلع میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے آزاد جموں و کشمیر میں کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد دی اور ضلع اٹک میں الیکٹروبس سروس کے آغاز پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان نے بتایا کہ پی او ایف سنجوال سے حضرو اور گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ڈھوک فتح سے اٹک خورد تک الیکٹروبسیں چل رہی ہیں۔
ارکان اسمبلی نے اٹک اور گردونواح کے شہریوں کی جانب سے الیکٹروبس سروس کے اجرا پر خوشگوار ردعمل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین، طلبہ اور بزرگوں کے لیے مفت سفری سہولت کسی نعمت سے کم نہیں۔
ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت دیہات کی اپ گریڈیشن ایک انقلابی اقدام ہے، جبکہ پنجاب میں جاری ترقیاتی اور تاریخی منصوبے دیگر صوبوں کے لیے بھی مثال بن رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے بعد صاف پانی کا منصوبہ بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، صفائی ستھرائی کے بعد اب پورے پنجاب کے تمام شہروں میں شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنا ان کا عزم ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہی ملک کو ایٹمی طاقت بنایا اور موٹرویز سمیت بڑے قومی منصوبے دیے، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے بھر میں نکاسی آب، سیوریج سسٹم اور سڑکوں کے میگا پراجیکٹس بھی شروع کیے گئے ہیں۔
