وطن کی سلامتی پرکوئی سمجھوتہ نہیں، دشمن کےعزائم خاک میں ملائیں گے: آئی جی پنجاب
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور پنجاب پولیس فورس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر دہراتی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس نے 79ویں یومِ آزادی کا آغاز ملک و قوم کی حفاظت کی خاطر اپنے تین نڈر اور جاں نثار جوانوں کی شہادت دے کر کیا ہے، فرض کی راہ میں پنجاب پولیس کی 1746 شہادتیں ارضِ وطن سے لازوال محبت اور وفاداری کی علامت ہیں۔
عبدالکریم نے کہا کہ ارضِ پاک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے آئندہ بھی کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، پنجاب پولیس کا ہر جوان، افسر اور سپاہی ملک و قوم کے لیے اپنی جان قربان کرنے سے ہرگز نہیں گھبرائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے پنجاب پولیس پوری طرح چوکس ہے۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب پولیس وطن عزیز کی حفاظت، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری قوت اور جذبۂ حب الوطنی کے ساتھ ادا کرتی رہے گی۔
