(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 14 اگست 1947ء کو اللہ تعالیٰ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک آزاد ملک پاکستان کی نعمت سے نوازا، تاہم بدقسمتی سے ہم اس نعمت سے حقیقی طور پر استفادہ نہیں کر سکے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے یوم آزادی کے موقع پر ملت اسلامیہ پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا حصول دو قومی نظریے کی بنیاد پر عمل میں آیا اور یہ علامہ اقبال کے فلسفے اور قائداعظم محمد علی جناح کی مدبرانہ جدوجہد کا ثمر ہے۔ جس نظریے اور مقصد کے لیے پاکستان حاصل کیا گیا تھا، وہ تاحال مکمل طور پر پورا نہیں ہوسکا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی منزل قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے حصول کے اصل مقاصد کی تکمیل اور ملک میں اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں اس عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کو اس کے قیام کے حقیقی مقصد سے ہمکنار کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
