(ویب ڈیسک)الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال مردوں میں مثانے کے کینسر کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں سے مردوں میں عام کینسر کی اس قسم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔واضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔
الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔
ان غذاؤں کو متعدد دائمی امراض جیسے امراض قلب اور دیگر سے منسلک کیا جاتا ہے اور اب نئی تحقیق میں ان کا ایک اور نقصان سامنے آیا ہے۔اس تحقیق میں 18 سال یا اس سے زائد عمر کے 17 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جو 2003 سے 2023 کے دوران اکٹھا کیا گیا تھا۔
تحقیق کے دوران ان افراد کی غذائی عادات کا تجزیہ کرتے ہوئے معلوم کیا گیا کہ وہ روزانہ کتنی مقدار میں الٹرا پراسیس غذائیں استعمال کرتے ہیں اور پھر انہیں 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے مردوں میں مثانے کے کینسر سے متاثر ہونے کا خطرہ 24 سے 34 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔محققین نے بتایا کہ موجودہ عہد میں بیشتر بالغ مرد الٹرا پراسیس غذاؤں کا زیادہ استعمال کرنے لگتے ہیں، جس سے مثانے کے کینسر کا خطرہ بڑھتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج سے ان شواہد میں اضافہ ہوتا ہے جن کے مطابق الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال صحت پر مضر اثرات مرتب کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق اور کلینیکل ٹرائلز کی ضرورت ہے۔
ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام سے ثابت ہوا تھا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے زیادہ استعمال سے موٹاپے، میٹابولک امراض، ورم، امراض قلب اور قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھتا ہے۔
