بابوصابو: جانوروں کی آلائشوں اور چربی سے ناقص آئل تیار کرنیوالے یونٹ پر چھاپہ،سامان ضبط
(لاہور نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جانوروں کی آلائشوں، چربی اور ہڈیوں سے ناقص آئل تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بابوصابو کے قریب غیر قانونی یونٹ پکڑ لیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے 100 فٹ روڈ، دریا راوی بابوصابو میں یونٹ پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 3 ہزار لٹر تیار گندا آئل، ایک ہزار کلو چربی اور جانوروں کی آلائشیں تلف کر دی گئیں۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ملزمان جانوروں کی آلائشوں، چربی اور ہڈیوں کو پگھلا کر ناقص آئل تیار کر رہے تھے، جبکہ گندا آئل بنانے کے لیے استعمال ہونے والے 16 کڑاہے اور 47 ڈرم بھی ضبط کر لیے گئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملزمان دریا راوی کے کنارے چھپ کر چربی اور آلائشوں سے آئل تیار کرنے کا گھناؤنا دھندہ کر رہے تھے۔ جعلسازی اور مضرِ صحت آئل کی تیاری پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
