(ویب ڈیسک) ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ خون میں مائیکرو پلاسٹک کی موجودگی دل کے شدید دورے کے بڑھتے ہوئے خطرے سے منسلک ہو سکتی ہے۔
امریکا کے ہیکن سیک یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر کریگ باسمین نے اٹلی میں ہونے والی تحقیق پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دل کے دورے کے مریضوں کے خون میں مائیکرو پلاسٹک کے ذرات پائے گئے، جو ان ذرات اور قلبی بیماریوں کے درمیان ممکنہ تعلق کی نشاندہی کرتے ہیں۔
ڈاکٹر کریگ باسمین کے مطابق مائیکرو پلاسٹک اب ماحول میں قریباً ہر جگہ موجود ہیں، اس لئے انسانوں کا ان سے مکمل طور پر بچنا مشکل ہے، تاہم انہوں نے مشورہ دیا کہ پلاسٹک کے استعمال میں کمی، خاص طور پر خوراک اور مشروبات کیلئے پلاسٹک کے برتنوں سے گریز، اور ماحولیاتی آلودگی سے حتیٰ الامکان بچاؤ جیسے اقدامات سے مائیکرو پلاسٹک کی نمائش کم کی جا سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس تحقیق میں خون میں مائیکرو پلاسٹک اور دل کے شدید دورے کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے، لیکن یہ تحقیق ابھی یہ ثابت نہیں کرتی کہ مائیکرو پلاسٹک براہِ راست دل کے دورے کی وجہ بنتے ہیں، اس حوالے سے حتمی نتائج اخذ کرنے کیلئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
