پاکستان کی نوجوانوں پر مشتمل 65 فیصد آبادی ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، مریم نواز شریف
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوتھ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی آبادی کا تقریباً 65 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ملک کا روشن مستقبل اور سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔
مریم نواز شریف نے نوجوانوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور انہیں تعلیم و ہنر سے آراستہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ ہنر فراہم کرکے دنیا میں ان کے مثبت کردار کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو ملک سے محبت، قومی یکجہتی اور مثبت سیاسی رویے اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو گالی گلوچ اور نفرت کی سیاست سے ہمیشہ دور رہنا چاہئے، انہوں نے نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کیلئے نشے جیسی لعنت سے دور رہنے کی بھی اپیل کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت پہلی مرتبہ نوجوانوں کے آگے بڑھنے کیلئے بھرپور سہارا بن رہی ہے، ایگریکلچر انٹرن شپ، لیپ ٹاپ، ای ٹیکسز، آسان فنانس سکیم اور آسان کاروبار سکیم سمیت مختلف پروگراموں میں نوجوانوں کو مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پرواز کارڈ کے ذریعے ہنرمند اور غیر ہنرمند نوجوانوں کو بیرونِ ملک روزگار کے حصول کیلئے بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں، جبکہ پہلی مرتبہ پرواز کارڈ کے ذریعے 10 ہزار ہنرمند نوجوانوں کو خلیجی ممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی سرپرستی ملک کو بہتر مستقبل اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ناگزیر ہے، یوتھ ڈے کا مقصد ملکی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ "خواب دیکھیں، انہیں حقیقت بنانے کیلئے پنجاب حکومت آپ کے ساتھ تعاون کرے گی،" انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف نوکری تلاش کرنے والے نہیں بلکہ نوکریاں پیدا کرنے والے اور اختراعی سوچ کے حامل ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ سکولوں اور کالجوں کی سطح پر ہزاروں طلبہ کیلئے ہونہار سکالرشپ پروگرام نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی نوید ہے، پہلی مرتبہ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے تعلیمی نصاب میں آئی ٹی، ای روزگار اور فری لانسنگ کے علوم شامل کئے گئے ہیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ نوجوانوں کو خود روزگار کیلئے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں، جبکہ نوجوانوں کے بزنس آئیڈیاز کو عملی جامہ پہنانے اور سٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی کیلئے انکیوبیشن سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل سکلز سے آراستہ کرنے کیلئے ٹریننگ پروگرامز شروع کئے گئے ہیں، جبکہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کیلئے فنی تربیتی اداروں کو بھی اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرکے انہیں بااختیار بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ نوجوان ملکی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
