(لاہور نیوز) گجر پورہ کے علاقے میں خاوند نے تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ خاتون اپنے شوہر سے گھریلو لڑائی جھگڑے کے بعد ناراض ہو کر اپنے میکے آ گئی تھی، ملزم اپنی بیوی کو منانے کیلئے سسرال پہنچا جہاں اس نے خاتون کو اپنے ساتھ واپس گھر چلنے کا اصرار کیا، مقتولہ کی جانب سے واپس جانے سے انکار کرنے پر ملزم طیش میں آ گیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
گولی لگنے سے خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مقتولہ کی لاش کو قبضے میں لے لیا اور پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائنز نے ایس ایچ او گجر پورہ کی سربراہی میں ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
