(لاہور نیوز) ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں عوامی شکایات کے ازالے اور شہر بھر میں جاری ڈی سلٹنگ سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز نے شرکت کی جبکہ تمام ایکسیئنز نے آن لائن شرکت کی، ایم ڈی واسا غفران احمد نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جائے، کیونکہ شہریوں کی شکایات کا فوری حل واسا لاہور کی اولین ترجیح ہے۔
غفران احمد نے واضح کیا کہ شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ شکایت حل ہونے کے بعد متعلقہ افسران فیلڈ ویری فکیشن بھی یقینی بنائیں تاکہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو سکے۔
اجلاس میں شہر بھر میں جاری ڈی سلٹنگ آپریشنز کو مزید مؤثر اور تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی، ایم ڈی واسا نے تمام اہم ڈرینز، نالوں اور سیوریج لائنوں سے فلوٹنگ میٹریل فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بارش کے بعد ہر گلی کی گریٹنگز کی صفائی یقینی بنائی جائے، جبکہ تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز اور ایکسیئنز روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ سرگرمیوں کی نگرانی کریں۔
ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ڈی سلٹنگ کے دوران نکالا جانے والا مواد فوری طور پر اٹھایا جائے تاکہ شہریوں اور ٹریفک کیلئے مشکلات پیدا نہ ہوں۔
غفران احمد نے نشیبی علاقوں اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نکاسی آب کے نظام کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ بارش کی صورت میں شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
