(لاہور نیوز) جشن آزادی کی تقریبات کے موقع پر شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کیلئے لاہور ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی زیر صدارت جشن آزادی کے حوالے سے زونل ایس ایس پیز اور سرکل افسران کا اجلاس ہوا، جس میں ایس ایس پی سٹی زون مقصود لون، ایس ایس پی صدر زون حافظ خضر زمان اور ایس پی ہیڈکوارٹرز فخر بشیر راجہ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں جشن آزادی کے موقع پر ہونے والے میگا ایونٹس کے ٹریفک انتظامات کا جائزہ لیا گیا، ٹریفک پولیس کے مطابق 14 اگست کو شہر کے 6 مختلف مقامات پر آتش بازی کے پروگرامز جبکہ متعدد ریلیوں کے انعقاد کی توقع ہے، دیگر اضلاع سے بھی شہریوں کی بڑی تعداد جشن آزادی منانے کیلئے لاہور کا رخ کرے گی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر حادثات سے پاک شاہراہیں اور فول پروف ٹریفک انتظامات اولین ترجیح ہیں، ون ویلنگ، سائلنسر یا بفل نکال کر ہلڑ بازی، روڈ بلاکنگ اور دیگر خلاف ورزیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہلڑبازوں کے خلاف کارروائی کیلئے ضلعی پولیس کے ساتھ مل کر شہر کے 62 مقامات پر خصوصی ناکہ جات لگائے جائیں گے، عادی ون ویلرز اور ٹولیوں کی شکل میں سڑکوں پر نکل کر روڈ رَیج کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
جشن آزادی کے موقع پر مجموعی طور پر 3 ایس پیز، 16 ڈی ایس پیز، 500 ٹریفک انسپکٹرز اور 2 ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی پر تعینات ہوں گے۔
سی ٹی او لاہور نے افسران کو جشن آزادی کے موقع پر مزید سخت انفورسمنٹ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منظم ٹریفک کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، جبکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک کی روانی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
