11 Aug 2026
(لاہور نیوز) میٹرو بس سروس کے فیول معاملات پر ویڈا کمپنی اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے درمیان ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے، تاہم ویڈا نے مذاکرات مکمل ہونے تک میٹرو بس سروس کی معطلی مؤخر کر دی ہے۔
ویڈا کمپنی نے فیول کی مد میں واجب الادا ادائیگیوں اور بروقت فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔ فنڈز کے اجرا میں تعطل کے باعث کمپنی نے آج میٹرو بس سروس معطل کرنے کی دھمکی دے رکھی تھی۔
ذرائع کے مطابق ویڈا اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے درمیان فنڈز کے معاملات پر تاحال کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہو سکی۔ تاہم ویڈا کمپنی نے معاملات کے حل کے لیے مذاکرات جاری رکھتے ہوئے فی الحال سروس معطل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے فیول فنڈز اور دیگر مالی معاملات کے حل کی کوشش جاری رکھی جائے گی، جبکہ حتمی فیصلہ مذاکرات کی پیش رفت سے مشروط ہوگا۔
