(لاہور نیوز) ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق کالا باغ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 86 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 78 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 65 فیصد بھر چکا ہے، تھین ڈیم میں پانی کی سطح 50 فیصد، پونگ ڈیم میں 47 فیصد جبکہ بھاکڑا ڈیم میں پانی کی سطح 43 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ موسم اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، شہری دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے والدین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کا خاص خیال رکھا جائے اور انہیں دریاؤں، ندی نالوں اور نہروں میں ہرگز نہ نہانے دیا جائے۔
پی ڈی ایم اے حکام کے مطابق دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال مسلسل مانیٹر کی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔
