گڈز ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر تاحال کوئی حتمی پیش رفت نہ ہو سکی، ڈیڈ لاک برقرار
(لاہور نیوز) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاداعوان نے کہا ہے کہ مذاکرات کے باوجود وفاقی و سندھ حکومت کے ساتھ ڈیڈ لاک برقرار ہے، گڈز ٹرانسپورٹرز کے مطالبات پر تاحال کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہو سکی۔
صدرآل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے، احتجاج جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے احتجاج ختم نہیں ہو گا۔
ٹرانسپورٹرز اپنے مطالبات سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، وفاقی و سندھ حکومت کے نمائندگان سے تفصیلی مذاکرات ہوئے، مذاکرات کے بعد بھی ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان اہم معاملات پر اتفاق نہیں ہو سکا، ڈیڈ لاک ختم کرنے کے لیے حکومت کو سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے، حکومت کی جانب سے یقین دہانیوں کے باوجود عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کا احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا، ہم اپنے حقوق اور جائز مطالبات کے حصول کیلئے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے، ان کاکہناتھا کہ مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوئے لیکن مطالبات پر واضح پیش رفت ضروری ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا فوری اور مستقل حل نکالنا ہوگا، جب تک تحریری اور قابلِ عمل پیش رفت نہیں ہوتی، احتجاج جاری رہے گا، گڈز ٹرانسپورٹ کا احتجاج فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
