(لاہور نیوز) پنجاب میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے انخلاء کی مہم جاری ہے، محکمہ داخلہ پنجاب کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل کی مؤثر کارروائیوں کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر کے وطن واپس بھجوایا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اب تک پاکستان سے مجموعی طور پر 26 لاکھ 89 ہزار 295 افغان باشندے وطن واپس بھجوائے جا چکے ہیں، جبکہ پنجاب سے ایک لاکھ 40 ہزار 468 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان کی واضح پالیسی کے مطابق قابلِ قبول ویزا کے بغیر تمام افغان شہریوں کا پاکستان میں قیام غیر قانونی تصور کیا جاتا ہے، اسی پالیسی کے تحت صوبہ بھر میں جاری کریک ڈاؤن کے دوران رہائشی علاقوں اور مارکیٹس کی مکمل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ سنٹرز منتقل کیا جاتا ہے، جہاں ان کی عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کئے جاتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پنجاب میں اس وقت 39 ہولڈنگ سنٹرز فعال ہیں، جن میں 188 افغان شہری موجود ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔
