(ویب ڈیسک) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سنگاپور پولیس کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے عالمی سائبر گینگ کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان سنگاپور پولیس افسران کا روپ دھار کر دنیا بھر میں شہریوں کو دھوکا دینے، فشنگ سافٹ ویئر اور سائبر ٹولز کے ذریعے فراڈ کرنے میں ملوث تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان جعلی شناختوں اور خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے سائبر جرائم کا ارتکاب کرتے تھے اور مختلف ممالک میں شہریوں کو نشانہ بناتے تھے۔
این سی سی آئی اے کی کارروائی کو سنگاپور پولیس نے سراہتے ہوئے تعاون اور بروقت اقدام کی تعریف کی، ڈی جی این سی سی آئی اے کی قیادت میں ہونے والی اس کارروائی پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ادارے کو مبارکباد دی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی سائبر جرائم کے خلاف کارروائی میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کیا ہے۔
