(ویب ڈیسک) پاکستان کے اوپنر عبداللہ شفیق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں یادگار اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔
کوئینز پارک اوول میں تیسرے روز کھیل دوبارہ شروع ہوا تو کپتان بابر اعظم 84 اور عبداللہ شفیق 107 رنز کے ساتھ میدان میں اترے۔
پاکستان ٹیم 266 رنز دو وکٹوں کے نقصان سے 387 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس دوران عبداللہ شفیق 160 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
عبداللہ شفیق کی یہ 160 رنز کی اننگز نہ صرف پاکستان ٹیم کے لیے میچ میں اہم ثابت ہوئی بلکہ یہ تاریخی اہمیت بھی رکھتی ہے۔
وہ 49 سال بعد ویسٹ انڈیز میں ٹیسٹ کرکٹ میں 150 سے زائد رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔
اس سے قبل 1977 میں ماجد خان نے گیانا میں 167 رنز سکور کیے تھے۔
پاکستان کی جانب سے بیرون ملک کھیلی گئیں 150 رنز سے زائد کی گزشتہ چار اننگز میں سے تین عبداللہ شفیق کے نام ہیں۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنالیے ہیں اور اسے پاکستان کے خلاف 60 رنز کی برتری حاصل ہے۔
