(لاہور نیوز) مٹن، بیف اور برائلر گوشت کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کی قوتِ خرید کو شدید متاثر کر دیا ہے، سرکاری نرخ ناموں اور مارکیٹ میں وصول کی جانے والی قیمتوں میں نمایاں فرق کے باعث عوام پریشانی کا شکار ہیں۔
سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق مٹن کی قیمت 1,600 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں صحت مند جانور اور معیاری گوشت کے نام پر مٹن 3,000 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح ضلعی انتظامیہ کی ریٹ لسٹ میں بیف کی قیمت 800 روپے فی کلو مقرر ہے، مگر مارکیٹ میں بغیر ہڈی والا معیاری بیف 1,600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب برائلر مرغی کا گوشت بھی قیمتوں میں عدم استحکام کا شکار ہے۔ مارکیٹ میں "صافی برائلر" کے نام پر مرغی کا گوشت 580 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث اب گوشت خریدنا اور بچوں کو کھلانا بھی آسان نہیں رہا۔ ان کے مطابق مٹن سفید پوش طبقے کی پہنچ سے بھی باہر ہو چکا ہے، جبکہ بیف بھی عام آدمی کی استطاعت سے نکلتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوری کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
