(لاہور نیوز) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے ملک میں روشنیاں واپس لانے والوں کو ووٹ دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ کشمیریوں نے ملک میں روشنیاں واپس لانے والوں اور ن لیگ کی کارکردگی کو ووٹ دیا، ان کی جماعت سندھ اور کراچی کی ترقی بھی چاہتی ہے، جبکہ آج دنیا پاکستان کو امن کا سفیر قرار دے رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یونیورسٹیوں کے بجٹ میں ایک ہزار فیصد اضافہ کیا، جبکہ کشمیریوں نے مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی اور عوامی خدمت کو دیکھتے ہوئے ووٹ دیا۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے دنیا میں قیام امن کیلئے اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث پاکستان کو عالمی سطح پر امن کے سفیر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رانا سکندر حیات نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کرپشن پر بات کرنے سے گریز کرنا چاہئے، انہوں نے سوال کیا کہ سندھ میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا بجٹ کتنا بڑھایا گیا اور صوبے میں دانش سکول کب قائم کئے جائیں گے؟ کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے اور مسلم لیگ (ن) بھی چاہتی ہے کہ کراچی اور سندھ ترقی کریں، سندھ حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنے صوبے میں بھی واسا جیسے ادارے قائم کرے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مزید کہا کہ ان کی جماعت اور قائد نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے، نوجوان پیپلز پارٹی کی بات سننا نہیں چاہتے اور ماضی کے سیاسی معاملات پر بھی سوالات اٹھا رہے ہیں، پیپلز پارٹی جہاں کامیاب ہوتی ہے وہاں دھاندلی کا الزام نہیں لگاتی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں پر مبنی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما فیصل ایوب کھوکھر نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے پاس عوام کو بتانے کیلئے کوئی کارکردگی نہیں، اسے اپنی کارکردگی پر بات کرنی چاہئے، پیپلز پارٹی کے وزرا اپنی کارکردگی کے بجائے تنقید میں مصروف رہتے ہیں، جبکہ پنجاب کے وزرا کے پاس تنقید کا وقت نہیں کیونکہ وہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ مقابلہ کرنا چاہتے ہیں وہ میدان میں آئیں اور کارکردگی کی بنیاد پر بات کریں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سرکاری دوروں پر دوسرے ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کرتی ہیں، پنجاب کا ہر شعبہ سب سے آگے ہے، مخالفین پنجاب آکر ترقیاتی کام دیکھیں، پنجاب حکومت ویسٹ انرجی، الیکٹرک بسوں کو سولرائز کرنے سمیت مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے قائداعظم گیمز میں پنجاب کی کامیابی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھا رہا ہے، آزاد کشمیر کی نشستیں کسی رعایت کی بنیاد پر نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر حاصل کی گئیں، سیاسی مخالفین الزامات کے بجائے اپنی کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں۔
