لاہورسمیت پنجاب میں مون سون کا طاقتورسپیل برقرار، مسلسل پانچویں روز وقفے وقفے سے بارش
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مون سون کا طاقتور اسپیل جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آج بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے،مون سون بارشوں کے باعث حبس اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 27 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا کی رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد رہا۔
دوسری طرف لاہور میں مسلسل پانچویں روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ صبح 5 بج کر 35 منٹ پر شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش شروع ہوئی۔ سب سے زیادہ 40.2 ملی میٹر بارش فرخ آباد میں ریکارڈ کی گئی، جبکہ گلشنِ راوی میں 34.2، سگیاں میں 30.6، اقبال ٹاؤن میں 15، سمن آباد میں 13.8، جوہر ٹاؤن میں 8.4 اور پانی والا تالاب میں 7.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ جیل روڈ، گلبرگ، لکشمی چوک، اپر مال، مغلپورہ، تاجپورہ، نشتر ٹاؤن، ہڈیارہ، شادی پورہ، کاہنہ اور مناواں سمیت دیگر علاقوں میں بھی مختلف مقدار میں بارش ہوئی۔ شہر میں مجموعی طور پر اوسطاً 8.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
