مون سون بارشیں: مریم نواز کا متعلقہ اداروں کو تمام وسائل بروئے کار لانے کا حکم
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون، اربن فلڈنگ، رودکوہی اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انسانی اور مکینکل وسائل بروئے کار لانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں واسا اور دیگر متعلقہ محکموں نے مون سون سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں بارشوں، نکاسی آب اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا جبکہ متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
وزیراعلیٰ نے کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر لیسکو اور دیگر بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو فوری نوٹس لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی غفلت کی وجہ سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں جبکہ کھمبوں پر لٹکتے بجلی کے تار شہریوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔
انہوں نے واسا کمپلینٹ ہیلپ لائن پر فوری کارروائی، شکایات کے ازالے کا ریکارڈ مرتب کرنے، دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں پر نہانے کی پابندی یقینی بنانے اور ان مقامات کی ڈرون مانیٹرنگ کی ہدایت بھی جاری کی۔
مریم نواز شریف نے مساجد، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے بارشوں اور فلڈ کی صورتحال سے متعلق بروقت آگاہی مہم چلانے، مون سون کے دوران تمام تعمیراتی مقامات، مین ہولز، گٹروں اور گڑھوں کو محفوظ بنانے، خستہ حال عمارتوں کا جائزہ لینے اور خطرناک قرار دی جانے والی عمارتوں کو رضاکارانہ طور پر خالی کرانے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سیلابی پانی اور خطرناک مقامات پر جانے سے روکیں جبکہ سانپ کے کاٹنے اور پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کے تدارک کے لیے "کلینک آن ویل" متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کا بھی حکم دیا۔
انہوں نے ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں رودکوہی اور اربن فلڈنگ سے متعلق بروقت وارننگ اور انخلاء، مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر پیشگی انخلاء اور سیاحوں کو اعلانات کے ذریعے آگاہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے، واسا، ریسکیو 1122 اور لوکل گورنمنٹ کے درمیان مکمل اشتراک کار، ہر ضلع میں مون سون فلڈ کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رکھنے، کمرشل، عوامی اور رہائشی علاقوں سے بارشی پانی کی فوری نکاسی اور ضرورت کے مطابق مزید ڈی واٹرنگ سیٹس فراہم کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں مریم نواز شریف نے گجرات، اوکاڑہ، لاہور اور مری کے ڈپٹی کمشنرز، ایم ڈی واسا، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، وزیر ہاؤسنگ بلال یٰسین، وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جہاں پہلے کئی کئی دن پانی کھڑا رہتا تھا، وہاں اب چند گھنٹوں میں نکاسی آب ممکن ہوئی، موسمیاتی تبدیلی کے باعث متوقع زیادہ بارشوں کے پیش نظر کیے گئے پیشگی اقدامات مؤثر ثابت ہوئے جبکہ کئی دہائیوں بعد گجرات شہر کو بارش کے بعد بروقت نکاسی آب کے باعث بڑے نقصان سے بچایا گیا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ 41 اضلاع میں واسا کے قیام اور پی ڈی پی منصوبے کے مثبت نتائج سامنے آئے، تمام اضلاع میں ایک ہزار ڈی واٹرنگ سیٹس، سکر مشینیں اور دیگر مشینری فراہم کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر میں 6 لاکھ 60 ہزار ٹن ڈی سلٹنگ، 4 ہزار کلومیٹر سیوریج لائن، سوا دو لاکھ مین ہولز اور 724 کلومیٹر ڈرین کی صفائی مکمل کی گئی، جبکہ اٹلی سے مزید 207 جدید ڈی واٹرنگ سیٹس بھی فراہم کیے جائیں گے۔
