(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر میں سکول کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز کے دوسرے سیزن کا باضابطہ اعلان کر دیا۔
اس سلسلے میں سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون اور سابق قومی کپتان مصباح الحق نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
پی سی بی حکام کے مطابق پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار سکولز 27-2026 کے دوسرے سیزن میں ملک کے 100 اضلاع سے 1200 سکول شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ پہلے سیزن میں 39 اضلاع کے سکولوں نے حصہ لیا تھا، پہلے سیزن کی کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مرتبہ پروگرام کا دائرہ کار نمایاں طور پر بڑھا دیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق سکولوں کے ٹریننگ کیمپ 10 اگست سے شروع ہوں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز 15 ستمبر سے ہو گا، سکول کرکٹ ٹورنامنٹ کو 4 مرحلوں میں منعقد کیا جائے گا، جن میں ٹیمیں ضلعی، ڈویژنل، صوبائی اور قومی سطح پر مرحلہ وار مقابلہ کریں گی۔
پی سی بی نے اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام سکولوں کو فنڈنگ کے ساتھ ساتھ تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر تربیت، معیاری سہولیات اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کا مقصد ملک کے طول و عرض سے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو سامنے لانا، سکول کرکٹ کو مضبوط بنانا اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کیلئے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
