(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
نئی قیمتوں کے مطابق برائلر مرغی کے نرخ میں 15 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 512 روپے فی کلو مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ صافی گوشت شہریوں کو 580 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 10 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 325 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 339 روپے فی کلو اور پرچون بازار میں 353 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران برائلر مرغی کی قیمت میں مجموعی طور پر 22 روپے فی کلو اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث مرغی کے گوشت کی قیمتیں مزید بڑھ گئی ہیں۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں بھی 2 روپے فی درجن اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد انڈوں کی نئی قیمت 249 روپے فی درجن مقرر کر دی گئی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی 7 ہزار 350 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
رواں ماہ کے دوران انڈوں کی قیمت میں مجموعی طور پر 23 روپے فی درجن اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے گھریلو صارفین کے اخراجات میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
