پنجاب کے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنا حکومت کی ترجیح ہے: مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے لیس کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ ہنر مند نوجوان ہی ملکی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ورلڈ یوتھ سکلز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو فری لانسنگ، آئی ٹی اور مختلف ٹیکنیکل ٹریڈز میں آگے بڑھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ "آسان کاروبار" اور "آسان فنانس" اسکیموں کے تحت ایک لاکھ آٹھ ہزار سے زائد افراد کو قرض فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ "آسان کاروبار اسکیم" کے تحت نوجوانوں کو 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے تحت دو ہزار نوجوانوں کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے، جبکہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس میں عالمی معیار کے مطابق ٹیکنالوجی، کنسٹرکشن، میسن، ویلڈنگ، ٹائل فکسنگ اور ہیوی وہیکل مینٹیننس سمیت جدید کورسز کرائے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب بھر سے 10 ہزار نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ نصاب میں ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور جدید آئی ٹی کورسز شامل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ "سحر پروگرام" کے تحت صوبے بھر کی 5,365 خواتین کو جدید بیوٹیفکیشن، ہاسپیٹلٹی اور ایئرلائن مینجمنٹ کی تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ پروگرام کے شرکاء کو مفت لیپ ٹاپ اور ماہانہ 7,500 روپے وظیفہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
