پنجاب ٹریفک پولیس کا بڑا اقدام، پہلی بار جونیئر ٹریفک وارڈن کی اسامیوں کا قیام
(لاہور نیوز)پنجاب ٹریفک پولیس نے پہلی مرتبہ جونیئر ٹریفک وارڈن کی سیٹیں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس سے قبل بڑے شہروں کے سٹی ٹریفک پولیس (CTPs) میں جونیئر ٹریفک وارڈن کی کوئی اسامی موجود نہیں تھی۔ نئی اسامیوں پر لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں تعیناتیاں کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق 164 سینئر ٹریفک اسسٹنٹس (STAs) کو سہالہ پولیس ٹریننگ کالج میں جونیئر ٹریفک وارڈن کی تربیت کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔
ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد یہ اہلکار گریڈ 9 سے ترقی پا کر گریڈ 11 میں جونیئر ٹریفک وارڈن تعینات ہوں گے، جبکہ ٹریفک وارڈن سسٹم میں پہلی مرتبہ سینئر ٹریفک اسسٹنٹس کو اس سطح کی تربیت دی جائے گی۔
ہیڈ آف ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ جونیئر ٹریفک وارڈن کی اسامیوں کے قیام سے محکمانہ ڈھانچہ مضبوط ہوگا اور ٹریفک انفورسمنٹ و مینجمنٹ میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی قیادت میں ٹریفک پولیس میں میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر ترقیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، کیونکہ محکمانہ ترقی ہر افسر و اہلکار کا بنیادی حق ہے اور بہتر تربیت سے فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
