(لاہورنیوز) جنوبی افریقا ویمنز انڈر 19 کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کے دورے پر کراچی پہنچ گئی، جہاں وی وی آئی پی پروٹوکول کے تحت سخت سکیورٹی میں انہیں قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مقامی ہوٹل منتقل کیا گیا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز 14 سے 24 جولائی تک نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی۔
سیریز میں پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی قیادت فضا فیاض کریں گی، جبکہ جنوبی افریقا کی کپتان نیکی وین سورس ہوں گی۔ دونوں ٹیمیں 11 سے 13 جولائی تک شبانہ تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گی۔
سیریز کے آغاز سے قبل 13 جولائی کو ٹرافی کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوگی، جس میں دونوں ٹیموں کی کپتان میڈیا سے بھی گفتگو کریں گی۔سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 14 جولائی، دوسرا 17 جولائی، تیسرا 19 جولائی، چوتھا 22 جولائی اور پانچواں و آخری میچ 24 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
اس سیریز کا مقصد آئندہ اے سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کرنا ہے۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 اسکواڈ میں کپتان فضا فیاض، الزوہہ حماد، اقصیٰ حبیب، عریشہ انصاری، بریرہ سیف، ہادیہ مینا، کومل خان، ماہ نور، ماہم نزاکت، ماہنور زیب، میمونہ خالد، راحمہ سید، روائل فرحان، روزینہ اکرم، شہر بانو، زینب خانم اور ذوفشاں ایاز شامل ہیں۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد مسرور، ٹیم منیجر عائشہ اشعر جبکہ سابق ویمن انٹرنیشنل کرکٹر جویریہ رؤف فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔
