(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ماہ اگست میں چار ٹیموں پر مشتمل ون ڈے ٹورنامنٹ کے انعقاد کی تصدیق کر دی ہے۔
یہ ٹورنامنٹ نئے فرسٹ کلاس سیزن کے آغاز سے قبل کھیلا جائے گا اور اس کا مقصد ورلڈ کپ 2027 کے لیے قومی ٹیم کی تیاریوں کو عملی شکل دینا ہے۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ ورلڈ کپ 2027 میں تقریباً ڈیڑھ سال باقی ہے، اس لیے قومی ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کا مضبوط پول تیار کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سلیکٹرز اور کوچنگ سٹاف نے باہمی مشاورت سے چار ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ ڈیزائن کیا ہے، جس میں وائٹ بال کرکٹ کے تمام دستیاب کھلاڑی شریک ہوں گے۔
عاقب جاوید کے مطابق ہر ٹیم کی پلیئنگ الیون کھلاڑیوں کے مخصوص کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی جائے گی، جبکہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر یہ واضح ہو جائے گا کہ مستقبل میں کن کھلاڑیوں کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے تمام میچز ٹیلی کاسٹ کیے جائیں گے، جس سے ہر کھلاڑی کی کارکردگی کا شفاف انداز میں جائزہ لیا جا سکے گا اور قومی ٹیم کے لیے بہترین پول کا انتخاب آسان ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان کی ون ڈے ٹیم کو عالمی رینکنگ میں ٹاپ فور میں ہونا چاہیے، کیونکہ اس سے کم رینکنگ قابل قبول نہیں اور ٹیم کی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
