(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 59ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ان کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے دعا کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح کی قومی، جمہوری اور ملی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح کے لیے ان کی بے مثال محبت، وفاداری اور جذبۂ ایثار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم مادرِ ملت کی قومی و سیاسی خدمات کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح ہر بہن اور ہر بیٹی کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، جبکہ نامساعد حالات میں ان کی ثابت قدمی اور استقامت آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے اپنی عملی زندگی سے ثابت کیا کہ خواتین ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں مؤثر اور تعمیری کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
