(لاہور نیوز) شہریوں میں ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو فروغ دینے کے لیے سیف سٹی اتھارٹی نے " ریسپانسبل سٹیزن ایوارڈ" مہم کا آغاز کر دیا، جس کے تحت جرائم، ہراسانی اور دیگر ہنگامی صورتحال کی بروقت اطلاع دینے والے شہریوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں انعامات سے نوازا جائے گا۔
سیف سٹی حکام کے مطابق جو شہری جرائم یا کسی بھی عوامی مسئلے کی بروقت اطلاع دے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کریں گے، انہیں ان کے ذمہ دارانہ کردار کے اعتراف میں " ریسپانسبل سٹیزن ایوارڈ" دیا جائے گا۔
مہم کے تحت پہلا " ریسپانسبل سٹیزن ایوارڈ" لاہور کے ایک شہری کو دیا گیا۔ متعلقہ شہری نے پبلک سیفٹی ایپ کے ذریعے ایک لاوارث بچے کی بروقت اطلاع سیف سٹی کو فراہم کی، جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو بحفاظت اس کے اہل خانہ سے ملا دیا گیا۔
سیف سٹی نے شہری کے بروقت اقدام، ذمہ دارانہ رویے اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہتے ہوئے انہیں " ریسپانسبل سٹیزن ایوارڈ" سے نوازا اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی، ہراسانی یا ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع دے کر محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
یاد رہے کہ حال ہی میں سیف سٹی کیمروں اور ورچوئل پٹرولنگ کی بروقت نگرانی کے نتیجے میں شادمان سے چوری ہونے والی سوزوکی بولان برآمد کر لی گئی، جبکہ واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ شہری نے گاڑی چوری ہونے کے فوراً بعد پنجاب ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی، جس پر ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مشتبہ گاڑی کی نقل و حرکت کو مسلسل مانیٹر کرتے ہوئے ٹریس کیا۔
جاری کردہ ویڈیو فوٹیج میں ملزم کو گاڑی کی جانب جاتے، اسے چوری کرتے اور موقع سے فرار ہوتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرائیور گاڑی پارک کر کے ناشتے میں مصروف تھا کہ اسی دوران ملزم سوزوکی بولان لے کر فرار ہو گیا۔ مذکورہ گاڑی سکول اور کالج کے طلبہ کی پک اینڈ ڈراپ سروس کے لیے استعمال ہو رہی تھی۔
سیف سٹی کی جانب سے حاصل کیے گئے ڈیجیٹل شواہد، ویڈیو فوٹیج، ملزم کی شناخت اور لوکیشن سے متعلق معلومات فوری طور پر سول لائنز پولیس کے حوالے کی گئیں، جس کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور چوری شدہ گاڑی برآمد کر لی۔
