(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صنعتی ترقی، برآمدات میں اضافے اور نئی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے 300 ارب روپے کے فنانسنگ پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس مقصد کے لیے محکمہ صنعت و تجارت نے منصوبے کا فریم ورک اور پی سی ون تیار کر لیا ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت پنجاب حکومت 193 ارب روپے فراہم کرے گی، جبکہ 107 ارب روپے کی فنانسنگ نجی مالیاتی اداروں کے ذریعے حاصل کی جائے گی۔
حکومتی منصوبے کے مطابق صنعتوں کو رعایتی شرائط پر مالی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ نئی فیکٹریوں کے قیام، موجودہ صنعتی اداروں کی توسیع اور پیداواری صلاحیت میں اضافے کو ممکن بنایا جا سکے۔
حکومت نے اس پروگرام کے ذریعے برآمدات میں اضافہ، صنعتی پیداوار کو بہتر بنانا، نئی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور ہزاروں نئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
منصوبے کی منظوری کے بعد برآمدی شعبے اور صنعتی اداروں کو آسان شرائط پر فنانسنگ فراہم کی جائے گی، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آنے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق اس پروگرام سے پنجاب کی معاشی ترقی کو نئی رفتار ملے گی، جبکہ برآمدات میں اضافے کے ذریعے ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیا جا سکے گا۔
