(لاہورنیوز) معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کی بحالی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 125 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔ا
ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اور وزیر اعظم کو یقین دلایا ہے کہ پی آئی اے کو دوبارہ ایک رول ماڈل قومی ایئرلائن بنا کر دکھائیں گے۔ معروف تاجر کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی امریکا کے لیے فضائی پروازیں رواں سال دوبارہ بحال ہونے کی توقع ہے جب کہ حکومتی معاہدے کے مطابق ایک سال تک پی آئی اے کے کسی بھی ملازم کو ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا۔
عارف حبیب نے کہا کہ ماضی میں حکومت نے پی آئی اے کی ترقی پر سرمایہ کاری بند کر دی تھی جب کہ انتظامی بدانتظامی اور مس ہینڈلنگ کے باعث قومی ایئرلائن کے بین الاقوامی روٹس متاثر ہوئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے بیڑے میں ہر سال پانچ نئے طیارے شامل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور آئندہ پانچ برس کے دوران فعال طیاروں کی تعداد بڑھا کر 60 تک پہنچائی جائے گی۔
معروف تاجر نے کہا کہ اس وقت پی آئی اے کے پاس 18 فعال طیارے موجود ہیں جب کہ موجودہ بیڑے میں شامل مزید 4 سے 5 طیاروں کو مرمت کے بعد دوبارہ فعال بنایا جائے گا۔
عارف حبیب کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی سیل پرچیز ایگریمنٹ کے تحت 66.66 فیصد شیئرز کی ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے، جبکہ باقی 33 فیصد شیئرز کی ادائیگی ایک سال کے اندر مکمل کر دی جائے گی۔
