چہلم حضرت امام حسین پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی: سی سی پی او لاہور
(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژن کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ چہلم حضرت امام حسینؑ اور عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کے موقع پر بھی سخت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس کے دوران سی سی پی او لاہور نے منشیات فروشوں اور جوئے کے اڈوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فنانشل کرائمز کے مقدمات کی تفتیش پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بے گناہ شہری کی گرفتاری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران قانون کے مطابق شفاف کارروائیاں یقینی بنائیں۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے ایس پی صدر کی ہمشیرہ کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
