(لاہور نیوز) پنجاب میں مون سون کے رنگ، لاہور کے مختلف علاقوں میں ہوائیں چلنے اور بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔
صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں علامہ اقبال ٹاؤن، وحدت روڈ، مصطفیٰ ٹاؤن، مسلم ٹاؤن اور گردونواح میں بوندا باندی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 28، زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے بادل برسیں گے، نارووال شہر اور گردونواح میں ہلکی بارش کے بعد ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار کر دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے وقت گرم اور مرطوب موسم رہے گا، جبکہ دوپہر کے بعد مطلع جزوی ابر آلود ہونے اور شام یا رات کے دوران آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرم اور مرطوب موسم برقرار رہے گا، تاہم چترال، دیر، سوات، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، کرم، کوہاٹ، ہنگو، اورکزئی اور ملحقہ علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
