(لاہور نیوز) لاہور ایئرپورٹ کے رن وے کو مخصوص اوقات میں بند رکھنے کے فیصلے پر آج سے عملدرآمد شروع ہو گیا۔ پرندوں کی غیر معمولی تعداد اور ممکنہ برڈ اسٹرائیک کے خطرات کے پیش نظر رن وے کو دو ماہ 10 دن کے لیے روزانہ صبح کے مخصوص اوقات میں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے 15 ستمبر تک رن وے روزانہ صبح 5 بجے سے 8 بجے تک بند رکھا جائے گا۔ اس سلسلے میں پہلے روز بھی مذکورہ اوقات میں رن وے بند رہا تاکہ پروازوں کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔
رن وے کی عارضی بندش کے حوالے سے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے باقاعدہ نوٹم (NOTAM) جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت تمام ایئر لائنز کو اپنے فلائٹ آپریشنز اور شیڈول میں ضروری تبدیلیاں کرنے کی ہدایت دی گئی۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق تمام ملکی و غیر ملکی ایئر لائنز نے صبح 5 بجے سے 8 بجے کے دوران روانہ یا آنے والی پروازوں کو ری شیڈول کر لیا ہے تاکہ مسافروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے اور پروازوں کی روانگی و آمد محفوظ انداز میں جاری رہ سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام برڈ اسٹرائیک کے خطرات کو کم کرنے اور فضائی آپریشنز کے دوران مسافروں اور طیاروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ مسافروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پرواز سے قبل متعلقہ ایئر لائن سے تازہ ترین فلائٹ شیڈول ضرور معلوم کر لیں۔
