(لاہور نیوز) حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 241 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود شہر بھر میں صارفین کو مہنگی گیس خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ایل پی جی 410 سے 460 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جبکہ سرکاری نرخ پر گیس کی دستیابی تقریباً ناپید ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ لاہور کے کسی بھی علاقے میں ایل پی جی سرکاری نرخ پر دستیاب نہیں، جس کے باعث گھریلو صارفین کو دگنی قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ خاص طورپرگیس کی لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں ایل پی جی کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب ایل پی جی ڈیلرز کا مؤقف ہے کہ مڈل مین انہیں گیس پہلے ہی مہنگے داموں فراہم کرتے ہیں، جس کے باعث سرکاری نرخ پر فروخت کرنا ممکن نہیں رہتا۔
دکانداروں کے مطابق اگر وہ سرکاری قیمت پر فروخت کریں تو انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دکانداروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت سپلائی چین میں موجود مڈل مین کے کردار کا جائزہ لے اور قیمتوں میں مصنوعی اضافے کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ صارفین کو سرکاری نرخ پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
شہریوں نے بھی متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اوورچارجنگ اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
