(لاہور نیوز) گرین پاکستان انیشیٹو کے تعاون سے جدید کارپوریٹ فارمنگ کے ذریعے غیر آباد زمینوں کو قابلِ کاشت بنایا جا رہا ہے۔
ٹیکنو ایگری اینڈ فوڈز کے نمائندے ارسلان الاوالہ کے مطابق گرین پاکستان انیشیٹو کے لینڈ ریفارمز کے تحت کارپوریٹ گروپس کو دیہی معیشت کی بحالی میں حصہ لینے کا موقع ملا۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیکنو ایگری اینڈ فوڈز نے خوشاب اور میانوالی کے قریب 950 ایکڑ پر کارپوریٹ فارمنگ شروع کی ہے، منصوبے کا مقصد غیر آباد زمینوں کو جدید کاشتکاری کے ذریعے قابلِ کاشت بنا کر زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
ارسلان الاوالہ نے کہا کہ پاکستان کی بنجر زمینوں کو قابلِ کاشت بنا کر جدید زرعی ممالک کا مقابلہ کرنا ہمارا ہدف ہے، 260 ایکڑ کے بلاک میں سنٹرل پیوٹ کے ذریعے روڈز گراس کی کاشت کی جا رہی ہے، جس کی برآمد سے قیمتی زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔
انکا کہنا تھا کہ موجودہ 950 ایکڑ کے پائلٹ منصوبے کو آئندہ 5 ہزار ایکڑ اور اس سے آگے توسیع دینے کا منصوبہ ہے، گرین پاکستان انیشیٹو نے کارپوریٹ گروپس کو دیہی معیشت میں حصہ لینے کا موقع دیا، جو مستقبل میں پاکستان کے لیے بہت زیادہ ویلیو ایڈ کرے گا۔
گرین پاکستان انیشیٹو کے تعاون سے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور کارپوریٹ سرمایہ کاری سے پاکستان میں زرعی ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔
