(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر کے چڑیا گھروں اور وائلڈ لائف پارکس میں شدید گرمی سے جنگلی جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کیلئے سمر گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔
اس حوالے سے ڈائریکٹوریٹ جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب نے باقاعدہ مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے، ہدایات کے مطابق تمام چڑیا گھروں اور وائلڈ لائف پارکس میں ہر پنجرے، باڑے اور جانوروں کے رہائشی حصے میں چوبیس گھنٹے صاف پینے کے پانی کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ خوراک اور پانی کو سایہ دار مقامات پر رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کی تعداد کے مطابق مناسب شیڈز فراہم کئے جائیں اور موسم کی شدت کے پیش نظر اضافی حفاظتی انتظامات بھی کئے جائیں، بندروں، ریچھوں، شیروں اور دیگر گرمی سے زیادہ متاثر ہونے والے جانوروں کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
سمر گائیڈ لائنز کے تحت جانوروں کے رہائشی حصوں میں پنکھے نصب کرنے، شدید گرمی کی صورت میں ایئر کولرز اور برف فراہم کرنے، جبکہ شیروں، ریچھوں اور بندروں کیلئے نہانے کے تالاب اور مختلف جانوروں کی ضروریات کے مطابق واٹر سپرنکلرز مہیا کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید برآں جانوروں کی اون تراشنے، گلوکوز، وٹامن سی اور دیگر اینٹی سٹریسرز کے استعمال، جبکہ ہیٹ سٹریس کی علامات ظاہر ہونے پر فوری ویٹرنری طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے، تمام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیا گھروں کے انچارجز کو سمر گائیڈ لائنز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور سفاری پارک میں زرافوں کو شدید گرمی سے بچانے کیلئے آئس فروٹ پاپس فراہم کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے، جانوروں کے ماہرین اور ویٹرنری ڈاکٹرز نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ آئس فروٹ پاپس جانوروں کے جسمانی درجہ حرارت کو متوازن رکھنے، صحت بہتر بنانے اور ذہنی سرگرمی برقرار رکھنے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔
