آزاد کشمیر انتخابات: وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ن لیگ کی قیادت اور امیدوار لاہور طلب کر لئے
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آزاد کشمیر انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی مرکزی قیادت اور تمام ٹکٹ ہولڈرز کو کل (30 جولائی 2026) کو لاہور طلب کر لیا، جہاں اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہو گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس صبح 11 بجے 8 کلب روڈ لاہور میں ہو گا، جس میں وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام بھی شریک ہوں گے، اجلاس کے حوالے سے پارٹی قیادت اور تمام امیدواروں کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کی حکمت عملی، انتخابی مہم، تنظیمی معاملات اور امیدواروں کے لیے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران مریم نواز پارٹی امیدواروں اور قیادت کو انتخابی مہم سے متعلق اہم ہدایات اور تجاویز دیں گی جبکہ دوران اجلاس آزاد کشمیر کے تمام حلقوں کی سیاسی صورتحال، رابطہ مہم اور پارٹی تنظیم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت کی بھی مذکورہ اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔
