(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صحت کے شعبے میں ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت پنجاب ڈرگ ڈسٹریبیوشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ادویات کی سپلائی چین کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس نظام کے تحت پہلی مرتبہ ادویات کی مینوفیکچرنگ سے لے کر ریٹیل فارمیسی تک مکمل ڈیجیٹل ٹریکنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد عوام کو معیاری، محفوظ اور مستند ادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر مہمانِ خصوصی تھے جبکہ سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب، سپیشل سیکرٹری ڈرگز کنٹرول کیپٹن (ر) اورنگزیب، ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل، چیف ڈرگ کنٹرولر، ڈائریکٹر ڈی ٹی ایل اور ادویات تیار کرنے والی کمپنیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پنجاب ڈرگ ڈسٹریبیوشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے جعلی اور غیر معیاری ادویات کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی جبکہ ادویات کی خرید و فروخت، ترسیل اور دستیابی کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ بھی کی جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے ذریعے ادویات کی قلت، ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کی بروقت نشاندہی ممکن ہو گی جبکہ غیر معیاری ادویات کو مارکیٹ سے واپس منگوانے (ریکال) کے لیے بھی صوبہ بھر میں آن لائن نظام نافذ کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ادویات کے نظام کو مزید شفاف، مؤثر اور عوام دوست بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
