داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات محبت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا پیغام ہیں: بلال یاسین
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ حضرت علی ہجویریؒ المعروف داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات محبت، اخوت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتی ہیں، جبکہ داتا دربار برصغیر میں روحانی فیض، امن و آشتی اور بھائی چارے کا عظیم مرکز ہے۔
داتا دربار میں غسل کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلال یاسین نے کہا کہ غسل داتا دربار کی تقریب عقیدت، احترام اور روحانی وابستگی کی علامت ہے، جس میں ہر سال ملک بھر سے زائرین بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت داتا دربار آنے والے عقیدت مندوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، زائرین کی سہولت کے لیے سیکیورٹی، صفائی ستھرائی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ انہیں پرامن اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات معاشرے میں برداشت، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کا اہم ذریعہ ہیں، نوجوان نسل کو صوفیائے کرام کے افکار اور تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بلال یاسین نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت مذہبی و روحانی مراکز کی ترقی، تزئین و آرائش اور بہتر انتظامات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ان تاریخی اور روحانی مراکز کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریب کے دوران ملک کی سلامتی، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، بلال یاسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ داتا دربار کی روحانی روایات اور ورثے کو محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
