(لاہور نیوز) پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ نے طب کے شعبے میں ایک اور تاریخی اور عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا، جہاں 24 گھنٹوں کے دوران 10 مریضوں کے کامیاب جگر ٹرانسپلانٹس مکمل کیے گئے۔
پاکستان میں پہلی بار دنیا کی سب سے بڑی 10 وے لیونگ ڈونر جگر ٹرانسپلانٹ سویپ چین کامیابی سے مکمل کی گئی، جس کے تحت 10 ڈونرز اور 10 مریضوں پر مشتمل 20 بڑی سرجریز ایک ہی روز انجام دی گئیں۔
ادارے کے مطابق ڈونرز اور مریضوں کے درمیان عدم مطابقت کو جدید طبی حکمت عملی کے ذریعے زندگی بچانے کے موقع میں تبدیل کیا گیا، اس کامیابی نے جگر کی پیوندکاری کے شعبے میں ایک نیا عالمی معیار قائم کر دیا ہے۔
پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں مکمل ہونے والے اس تاریخی پروگرام سے سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے مریضوں کو نئی زندگی ملی۔
ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا لیونگ ڈونر جگر ٹرانسپلانٹ سویپ پروگرام ہے، جس نے پاکستان کو عالمی سطح پر نمایاں کر دیا ہے۔
اس موقع پر پروفیسر فیصل ڈار نے پوری ٹیم اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان اور انسانیت دونوں کے لیے ایک تاریخی اعزاز ہے، انہوں نے قومی سطح پر سویپ جگر ٹرانسپلانٹ پروگرام کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔
