(لاہور نیوز) ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب نے نجی بیوٹی کریم کو صحت کیلئے مضر قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق رنگ گورا کرنے والی کریموں سے کینسر سمیت مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خطرہ پیدا ہو تا ہے، نجی کمپنی کی بیوٹی کریم میں ممنوعہ مادہ "امونیٹڈ مرکری" کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب نے بیوٹی کریم کو مضر قرار دے دیا،بیوٹی کریم کے استعمال سے پارہ زہر، گردوں کو نقصان، جلدی امراض اور اعصابی مسائل کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
پراونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب نے نجی بیوٹی کریم کیلئے "پرومپٹ الرٹ" جاری کر دیا، بیچ نمبر 250517، ایکسپائری مئی 2028 والی بیوٹی کریم فوری مارکیٹ سے اٹھانے کا حکم دے دیا گیا۔
نجی کاسمیٹکس چیچہ وطنی کی تیار کردہ کریم کی سپلائی، فروخت اور تقسیم فوری بند کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی، فارمیسیز، میڈیکل سٹورز اور ہول سیلرز کو نجی بیوٹی کریم کا سٹاک فوری روکنے کا حکم دیا گیا ہے۔
