(لاہور نیوز) اداکارہ مومنہ اقبال کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں لیگی رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا کی عبوری ضمانت میں 2 جولائی تک توسیع کر دی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ ثاقب چدھڑ اپنی اہلیہ سمیرا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری مکمل کرائی۔
دورانِ سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کے موبائل فون فرانزک تجزیے کے لیے بھجوائے جا چکے ہیں جبکہ مقدمے کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
عدالت نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 2 جولائی تک توسیع کر دی۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے اداکارہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں ہراسانی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
