(لاہور نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر بہترین مواقع اور سخت مقابلہ فراہم کرنے کے لیے متعدد بین الاقوامی ترقیاتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان انڈر 18 بوائز ٹیم کی عمان میں ہونے والے الیون اے سائیڈ (فائیو اے سائیڈ) ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی منظوری کے بعد، پی ایچ ایف نے اب پاکستان انڈر 18 ویمنز ہاکی ٹیم کو بھی بین الاقوامی سطح پر بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ویمنز ٹیم نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے فوری بعد انٹرنیشنل فائیو اے سائیڈ ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔
پی ایچ ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان بین الاقوامی ٹورنامنٹس اور میچوں میں شرکت سے ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو مضبوط حریفوں کے خلاف خود کو آزمانے، جدید کھیل کی تکنیک سیکھنے، حکمت عملی کو بہتر بنانے، اور اپنی فٹنس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالنے کا بہترین موقع ملے گا۔
فیڈریشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے اور عالمی ہاکی میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام بحال کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی۔
