(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر محکمانہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں.
ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فیصل پرویز عرف (حنان چیمپئن) کے نام سے ہوئی ہے، جو پولیس ملازم نہ ہونے کے باوجود وردی پہن کر خود کو اہلکار ظاہر کر رہا تھا، ابتدائی ریکارڈ چیکنگ سے واضح ہوا کہ ملزم محکمہ پولیس کا حصہ نہیں ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم فیصل پرویز کو اس سے قبل پولیس یونیفارم میں ویڈیوز اپ لوڈ کرنے پر نوکری سے برطرف کیا جا چکا ہے تاہم اس کے باوجود وہ دوبارہ وردی پہن کر سڑکوں پر گھومتا اور سوشل میڈیا پر سرگرم پایا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے وردی میں بنائی گئی متعدد ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں، جن میں وہ خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتا رہا، ملزم کے خلاف تھانہ جنوبی چھاؤنی میں دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کے اعتماد اور محکمہ کے وقار کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر نگرانی اور احتساب جاری ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پولیس وردی اور شناخت کا غیر قانونی استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی پولیس افسران اور اہلکاروں کے لیے واضح پیغام ہے کہ قواعد و ضوابط پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور قانون و ڈسپلن کی پاسداری ہر اہلکار کی اولین ذمہ داری ہے۔
