غیرقانونی فیٹ میلٹنگ اور بون کرشنگ یونٹس کے خلاف کریک ڈاؤن، متعدد یونٹس مسمار
(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے محمود بوٹی کے علاقے میں غیرقانونی فیٹ میلٹنگ اور بون کرشنگ یونٹس کے خلاف جاری "آپریشن کلین اپ" کا اچانک دورہ کیا اور کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران مریم اورنگزیب نے اپنی نگرانی میں بااثر افراد کے زیر انتظام ایک غیر قانونی بون کرشنگ یونٹ مسمار کروانے کے احکامات دیئے، جبکہ متعدد دیگر غیر قانونی یونٹس کے خلاف بھی فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
حکام کے مطابق لاہور میں غیر قانونی ویسٹ برننگ، فیٹ میلٹنگ اور بون کرشنگ کے مجموعی طور پر 473 یونٹس کی نشاندہی کی جا چکی ہے اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، رواں سال اب تک 112 یونٹس کے خلاف کارروائی مکمل کی جا چکی ہے۔
کریک ڈاؤن کے دوران 23 ہزار کلوگرام فضلہ تحویل میں لے کر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حوالے کیا گیا، جبکہ خلاف ورزیوں پر 23 مقدمات درج، 21 یونٹس سیل اور 57 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوامی صحت، صاف ماحول اور شہریوں کے بنیادی حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے واضح کیا کہ بدبو، تعفن، آلودگی اور ناقص حفظانِ صحت کے اصولوں پر چلنے والے یونٹس کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ انسانی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر قانونی صنعتی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کا مکمل خاتمہ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے محکمہ ماحولیات کی فیلڈ فورس کو متاثرہ علاقوں میں مسلسل کریک ڈاؤن جاری رکھنے اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت بھی جاری کی، ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی اور متعلقہ ادارے ماحولیاتی قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں۔
