(لاہور نیوز) محفوظ شہری، محفوظ پنجاب مہم کے تحت لاہور میں آٹو رکشوں میں پینک بٹن اور کیو آر کوڈز کی تنصیب کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
لبرٹی چوک میں ہونے والی تقریب کے دوران سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے رکشوں میں کیو آر پینک بٹن نصب کیے۔ حکام کے مطابق یہ پینک بٹن براہ راست سیف سٹی کنٹرول روم سے منسلک ہوں گے۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ پینک بٹن کی مدد سے مسافر ہنگامی صورتحال میں فوری ایمرجنسی کال اور ویڈیو کال کر سکیں گے، جس سے بروقت امداد کی فراہمی ممکن ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، جبکہ رکشوں پر نصب کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈرائیور کی مکمل شناخت بھی حاصل کی جا سکے گی۔
سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی کے مطابق سیف سٹی انتظامیہ ایمرجنسی کال موصول ہونے پر فوری مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں اب تک 100 سے زائد رکشوں میں پینک بٹن نصب کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ 10 روز کے دوران تمام رکشوں میں پینک بٹن اور کیو آر کوڈز لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
