(لاہور نیوز) واسا لاہور اور جے ایس بینک کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے، جس کے تحت صارفین کو پانی کے بلوں کی ادائیگی کیلئے جدید راست کیو آر پیمنٹ سسٹم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
مفاہمتی یادداشت پر ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد اور جے ایس بینک کے چیف بزنس آفیسر عاطف اسحاق نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
واسال لاہور راست کیو آر ادائیگی متعارف کروانے والا ملک کا پہلا واٹر یوٹیلیٹی ادارہ بن گیا ہے، اس نئی سہولت کے تحت آئندہ ماہ سے جاری ہونے والے تمام واسا بلوں پر ایک منفرد راست کیو آر کوڈ درج کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق صارفین موبائل بینکنگ ایپ یا موبائل والٹ کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کر کے چند سیکنڈ میں اپنے بل ادا کر سکیں گے۔ اس نظام میں کنزیومر نمبر یا دیگر ادائیگی کی تفصیلات دستی طور پر درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
واسا کا کہنا ہے کہ کیو آر کوڈ اسکین کرتے ہی ادائیگی سے متعلق تمام معلومات خودکار طور پر ظاہر ہو جائیں گی، جس سے بلوں کی ادائیگی کا عمل مزید آسان، تیز اور محفوظ بن جائے گا۔
تقریب میں جے ایس بینک کے ہیڈ آف پبلک سیکٹر عادل غفور، ہیڈ آف کیو آر پیمنٹ سارہ مسعود، ہیڈ آف کمیونیکیشن سدرہ خالد، جبکہ واسا لاہور کے ڈائریکٹر فنانس اطہر محمود، ڈائریکٹر ریونیو مرتضیٰ حسن مرتضیٰ اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔
