(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی سے منی مزدا ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل، تحفظات اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
منی مزدا ایسوسی ایشن کے وفد کی قیادت حاجی شیر علی نے کی، جبکہ ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے، وفد نے سی ٹی او لاہور کو ٹرانسپورٹرز کو درپیش مختلف مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا۔
ملاقات کے دوران سید عبدالرحیم شیرازی نے مسائل کے مؤثر اور بروقت حل کیلئے ٹرانسپورٹرز اور ڈی ایس پیز پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے کا اعلان کیا، انہوں نے سرکل افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہر ماہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ باقاعدہ اجلاس منعقد کریں تاکہ مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ تشکیل دی جانے والی کمیٹیاں باہمی مشاورت کے ذریعے ٹریفک مسائل کے حل کیلئے قابلِ عمل لائحہ عمل مرتب کریں گی، انہوں نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ اگر کسی بھی قسم کے ناجائز چالان کی شکایت ہو تو وہ فوری طور پر سی ٹی او آفس کے فوکل پرسن سے رابطہ کریں۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید بتایا کہ مزدا ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے خصوصی ریفریشر کورسز بھی کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر میں مخصوص روٹس پر مقررہ لوڈ اور مقررہ اوقات کار کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر حاجی شیر علی نے یقین دہانی کروائی کہ منی مزدا ایسوسی ایشن غیر قانونی اقدامات کی حوصلہ شکنی کرے گی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور باہمی مشاورت، تعاون اور رابطے کے ذریعے تمام مسائل کا مؤثر حل ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
