(ویب ڈیسک) سیف سٹیز اتھارٹی نے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے اور ایمرجنسی سروسز کے ردعمل کا وقت کم کرنے کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے شہر میں ریسکیو کی تمام ایمبولینسز اور ایمرجنسی وہیکلز کو سگنل فری راستہ فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق زخمیوں اور مریضوں کو بروقت ہسپتال منتقل کرنے کیلئے ریسکیو وہیکلز کا ڈیٹا سیف سٹیز سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، ایمرجنسی گاڑی جیسے ہی روڈ پر نصب کیمروں کی رینج میں آئے گی، ٹریفک سگنل خودکار طور پر گرین ہو جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اے آئی بیسڈ کیمرے ایمبولینسز اور دیگر ایمرجنسی گاڑیوں کے نمبر پلیٹس کو تقریباً 400 میٹر دور سے خودکار طور پر شناخت کریں گے، جس کے بعد متعلقہ روٹ پر ٹریفک کو منظم کرتے ہوئے فوری راستہ کلیئر کیا جائے گا۔
سیف سٹیز کے مطابق ایمرجنسی صورتحال میں ریسکیو گاڑیوں کو اکثر ٹریفک کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے مریضوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی متاثر ہوتی ہے، نئے نظام کا مقصد اس مسئلے کا مؤثر حل فراہم کرنا ہے۔
اس منصوبے کیلئے سیف سٹیز نے خصوصی ایپ بھی تیار کر لی ہے، جبکہ رواں ہفتے اس نظام کا ٹیسٹ رن مکمل کیا جائے گا، حکام کے مطابق رواں ماہ سیف سٹیز اور ریسکیو اداروں کا ڈیٹا انٹیگریٹ کرکے منصوبے پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔
